پاک چین وزرائےخارجہ کاسفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں تقریبات شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ

پاک چین وزرائےخارجہ کاسفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں تقریبات شایان شان انداز میں منانے کا فیصلہ

پاکستان اور چین نے اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کو شایانِ شان انداز میں منانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے یہ فیصلہ بیجنگ میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چینی وزیر خارجہ وانگ ای کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا،اس موقع پرسیاسی، سفارتی، معاشی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی ہے اور یہ شراکت داری بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی حالات میں مزید اہمیت اختیار کر چکی ہے۔

بات چیت میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں فریقین نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) تجارت، سرمایہ کاری، کثیر الجہتی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے جیسے اہم معاملات بھی گفتگو کا حصہ رہے۔

یہ بھی پڑھیں :دنیا ’انقلابی تبدیلیوں‘ سے گزر رہی ہے لیکن پاک چین دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے، صدر آصف علی زرداری

وزرائے خارجہ نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری موسمی حالات کی محتاج نہیں بلکہ یہ تعلق باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے،دونوں ممالک نے علاقائی امن کے لیے اپنی دوستی اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا،مزید برآں دونوں جانب سے دوطرفہ اور کثیر ملکی فورمز پر قریبی رابطہ اور ہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ عالمی چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکے۔

واضح رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے اجلاس میں شرکت کے لیے بیجنگ کے دورے پر ہیں، جہاں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *