کراچی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک بڑے دہشت گردانہ منصوبے کو ناکام بنا کر شہر کو ممکنہ سنگین سانحے سے بچا لیا۔ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شہر کے رئیس گوٹھ علاقے میں کی گئی، جہاں فورسز نے بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھائے۔
کارروائی کے دوران ایک منی ٹرک کو کنٹرول میں لے کر اس میں نصب وی بی آئی ای ڈی (گاڑی بم) کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنایا گیا۔ ٹرک میں تقریباً دو ہزار کلوگرام دھماکہ خیز مواد موجود تھا جس میں 60 پلاسٹک ڈرمز اور پانچ بڑے دھات کے گیس سلنڈر شامل تھے۔
مزید تحقیقات کے دوران اسی کمپاؤنڈ سے اضافی دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جن میں چھ تھیلے، ہر ایک میں تقریبا 40 کلو گھریلو ساختہ دھماکہ خیز مواد شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق یہ مواد شہر کے ایک بڑے شاپنگ مال پر ممکنہ حملے کے لیے تیار کیا گیا تھا، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خطرہ تھا۔
سکیورٹی فورسز کے حکام کے مطابق یہ کارروائی بی ایل اے کی جانب سے کراچی میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی دوسری بڑی کوشش تھی، جسے ناکام بنایا گیا۔ اس سے قبل بھی ایک خودکش حملہ آور خاتون کو گرفتار کر کے اس کے ممکنہ حملے کو ناکام بنایا گیا تھا۔
سیکورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ شہر میں امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔ حکام نے یہ بھی کہا کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے اور دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر بروقت کارروائی کی اور ٹرک کو ناکارہ بنا دیا جس سے شہر میں ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہوا،کارروائی کے دوران سکیورٹی اداروں نے علاقے کی مکمل نگرانی کی اور دھماکہ خیز مواد کو محفوظ طریقے سے ضبط کر لیا۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے میں ایک اہم کامیابی ہے ۔