وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سیل نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مقدمہ جعلی دستاویزات کے ذریعے قیمتی اراضی کے غیرقانونی انتقال کے الزامات پر قائم کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ اینٹی کرپشن سرکل ایف آئی اے اسلام آباد میں درج کیا گیا ہے، جس میں نجف حمید کے علاوہ عبدالظہور اور خالد منیر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق نجف حمید اس وقت حلقہ پٹواری اسلام آباد کے عہدے پر تعینات تھے، جبکہ عبدالظہور ریونیو افسر کی حیثیت سے اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے بوگس انتقال اور جعلی کاغذات کے ذریعے ایک کنال قیمتی سرکاری و نجی زمین غیرقانونی طور پر اپنے نام منتقل کی۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران جعل سازی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور اس کیس میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔