سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا نیا ریکارڈ قائم

سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا نیا ریکارڈ قائم

سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑ تیزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 86 ہزار پوائنٹس کی اہم نفسیاتی حد عبور کر گیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج، تجارتی مالیت 20 سال کی بلند سطح پر پہنچ گئی

ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں بھرپور خریداری کا رجحان رہا اور ہنڈرڈ انڈیکس 1700 سے زیادہ پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 86 ہزار 768 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی، جس سے مجموعی مارکیٹ کا رجحان مثبت رہا۔

ماہرین کے مطابق معاشی اشاریوں میں بہتری، مہنگائی میں کمی، شرح سود سے متعلق مثبت توقعات اور بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور سیاسی صورتحال میں نسبتاً استحکام بھی مارکیٹ کی تیزی کا باعث بن رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بینکنگ شیئرز میں دلچسپی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 2653 پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 85 ہزار 62 پوائنٹس کی تاریخی سطح پر بند ہوا تھا، جس کے بعد آج کی تیزی نے مارکیٹ کو ایک نئی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔

مزید پڑھیں:پاکستان اور کینیڈا کا زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق، ہائبرڈ بیج اور لائیو اسٹاک میں شراکت داری کی راہ ہموار

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ مزید ریکارڈ قائم کر سکتی ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کی نظریں اب آئندہ مالی اور معاشی فیصلوں پر مرکوز ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *