وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علما اور آئمہ کرام کے ماہانہ اعزازیہ کا باقاعدہ اجرا کردیا، کارڈ تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے علما اور آئمہ کرام کے ماہانہ اعزازیہ کا باقاعدہ اجرا کردیا، کارڈ تقسیم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ معاشرے میں علما اور آئمہ کرام کو ایک منفرد اور قابلِ احترام مقام حاصل ہے اور ان کی خدمات دینی، سماجی اور اخلاقی رہنمائی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت علما اور آئمہ کرام کے وقار، سہولت اور معاشی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

لاہور میں علما و آئمہ کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے بھر میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والی تقریباً 80 ہزار مساجد موجود ہیں، جن میں سے 70 ہزار مساجد کے آئمہ کرام کی جانب سے اعزازیہ کے لیے درخواستیں موصول ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اکثریت نے حکومتی اقدام پر اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اتحادِ اُمت کی جانب اہم قدم، علمائے کرام کا یکساں’’نظامِ صلواۃ و اذان‘‘ سے متعلق بڑا فیصلہ

مریم نواز نے بتایا کہ آئمہ کرام کو فروری سے 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایمز کے ذریعے یہ رقم با آسانی نکلوائی جا سکے گی تاکہ آئمہ کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ماضی میں اکثر امام مسجد کو چندہ جمع کر کے صرف 5 سے 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ مل پاتا تھا، جو موجودہ مہنگائی کے تناظر میں ناکافی تھا۔ حکومت نے اس مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھا اور ایک باقاعدہ اور شفاف نظام متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 70 ہزار آئمہ کرام کے بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں، جو ایک بڑی پیش رفت ہے۔ یہ اقدام نہ صرف مالی شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ آئمہ کرام کی معاشی خودمختاری میں بھی اضافہ کرے گا۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت دینی طبقے کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور آئندہ بھی فلاحی اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ علما اور آئمہ کرام معاشرے میں امن، رواداری اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *