سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آگیا

سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا فیصلہ سامنے آگیا

پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے پنجاب اینٹی کرپشن اینڈ ڈسپلنری ایکٹ (پیڈا) ترمیمی بل 2025 کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ریٹائرڈ سرکاری افسران کے خلاف انکوائری سے متعلق قوانین میں اہم اور بنیادی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس ترمیم کا مقصد پیڈا قوانین میں موجود اس قانونی سقم کو ختم کرنا ہے، جس کے باعث دو سال مکمل ہونے پر انکوائری خود بخود ختم ہو جاتی تھی۔

ذرائع کے مطابق منظور شدہ بل کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی سرکاری افسر کی ریٹائرمنٹ کے بعد شروع کی گئی انکوائری دو سال کے اندر مکمل نہ ہو سکے تو اب کارروائی ازخود ختم نہیں ہوگی۔

 ترمیم کے بعد پیڈا ایکٹ کے تحت انکوائری کی مدت میں توسیع کا اختیار مجاز اتھارٹی کو دے دیا گیا ہے، جو تحریری وجوہات بیان کرتے ہوئے انکوائری کی مدت بڑھا سکے گی، اس اقدام سے ان افسران کے خلاف کارروائی ممکن ہو سکے گی جو ریٹائرمنٹ کے بعد قانونی خلا سے فائدہ اٹھا کر احتساب سے بچ نکلتے تھے۔

پنجاب اسمبلی حکام کے مطابق نئی ترمیم کے بعد پیڈا انکوائری کسی مخصوص مدت کی پابند نہیں رہے گی اور ریٹائرڈ افسران کے خلاف کارروائی کئی سال تک جاری رکھی جا سکے گی، بشرطیکہ اس کے لیے مجاز اتھارٹی کی منظوری اور تحریری جواز موجود ہو۔

یہ بھی پڑھیں : سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

 اس ترمیم کے ذریعے ان عدالتی فیصلوں کے اثرات کو بھی کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جن کے باعث ماضی میں متعدد پیڈا کارروائیاں محض مدت پوری ہونے کی بنیاد پر ختم ہو گئی تھیں۔

قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ترمیم سے احتساب کے عمل کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی اور سرکاری افسران کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اپنے اقدامات کا جوابدہ رہنا پڑے گا تاہم بعض حلقوں کی جانب سے اس پر خدشات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے کہ طویل انکوائریاں افسران کو غیر یقینی صورتحال میں مبتلا رکھ سکتی ہیں۔

پیڈا ترمیمی بل کا اگلا مرحلہ پنجاب اسمبلی کے ایوان سے حتمی منظوری حاصل کرنا ہے، جس کے بعد اسے گورنر پنجاب کو ارسال کیا جائے گا، گورنر کی منظوری کے بعد یہ بل باقاعدہ قانون کی شکل اختیار کر لے گا اور صوبے میں پیڈا قوانین کے تحت نئے ضابطے نافذ العمل ہو جائیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *