مشہور گیم سیریز Grand Theft Auto VI کے مداحوں کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے ، گیم کو کنسولز پر 19 نومبر کو ریلیز کیا جائے گا اور موجودہ شیڈول برقرار رکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پبلشر کمپنی Take-Two Interactive نے پلیٹ فارم کمپنیوں سونی اور مائیکروسافٹ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ فی الحال گیم کی ریلیز میں مزید تاخیر کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
کمپنی کے مطابق ابتدائی مرحلے میں یہ گیم پلے سٹیشن اور ایکس باکس پر دستیاب ہوگی ، دنیا بھر کے مداح اس گیم کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے اور اب ریلیز کی حتمی تاریخ سامنے آنے کے بعد گیمنگ کمیونٹی میں خاصا جوش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جی ٹی اے 6 کی ریلیز کی تاریخ کئی بار تبدیل ہو چکی ہے، ابتدائی طور پر اسے 2025 کے آخر میں لانچ کرنے کی بات کی جا رہی تھی، تاہم بعد میں اس کی ریلیز کو 2026 تک مؤخر کر دیا گیا، مزید تاخیر کے بعد بالآخر 19 نومبر 2026 کی تاریخ کو حتمی قرار دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی گیمرز کے لیے ابھی انتظار باقی ہے، کیونکہ گیم کا پی سی ورژن لانچ کے وقت دستیاب نہیں ہوگا مختلف ذرائع کے مطابق پی سی کے لیے اس گیم کی ممکنہ ریلیز 2027 یا 2028 میں ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
GTA 6 کی کہانی خیالی امریکی ریاست Leonida میں قائم کی گئی ہے، جہاں جیسن ڈوول اور لوسیا کمیونس نامی ایک جوڑے کی زندگی پر مبنی کہانی بیان کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ GTA V ستمبر 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب تک 22 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت کر کے دنیا کی دوسری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم بن چکی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جی ٹی اے سیریز ہمیشہ سے گیمنگ انڈسٹری کی سب سے کامیاب فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے، اور جی ٹی اے 6 سے بھی ریکارڈ توڑ فروخت اور مقبولیت کی توقع کی جا رہی ہے۔
مداح اب بے صبری سے نومبر 2026 کا انتظار کر رہے ہیں، جب یہ گیم نئی کہانی، جدید گرافکس اور وسیع اوپن ورلڈ کے ساتھ گیمنگ کی دنیا میں ایک نیا باب رقم کرے گی۔