ملک بھر میں سونے کی قیمتوں کی اونچی پرواز جاری ہے ، آج بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹس میں اس اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھے گئے ہیں جہاں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 3 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 73 ہزار 262 روپے پر پہنچ گیا، اسی طرح 10 گرام سونا 3 ہزار 172 روپے مہنگا ہونے کے ساتھ 4 لاکھ 5 ہزار 745 روپے ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 37 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 509 ڈالر پر جا پہنچی ہے ۔
دوسری جانب پاکستان میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 270 روپے کے اضافے سے چاندی کی ایک تولہ قیمت 8465 روپے پر جا پہنچی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اس تیزی کی وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزوری، عالمی سطح پر مرکزی بینکوں کی طرف سے خریداری، سیاسی بے یقینی، اور امریکا میں حکومت کی جزوی بندش شامل ہیں۔
ماہرین یوکرین پر روسی حملوں کے بعد ماسکو کے اثاثوں کے منجمد ہونے کو بھی عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ گردانتے ہیں۔
دنیا بھرمیں سونے کے ذخائر کے حوالے سے امریکا پہلے نمبر پرہے جبکہ ایشیا میں یہ اعزاز چین کے پاس ہے، بھارت عالمی سطح پر آٹھویں اورایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان عالمی فہرست میں 49 ویں نمبر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جرمنی اور اٹلی سونے کے ذخائر کے حوالے سرفہرست ہیں، ایشیاء میں چین اور بھارت سونے کے سب سے زیادہ ذخائر رکھتے ہیں۔
ورلڈ گولڈ کونسل کے مطابق مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں نے 2024ء میں 1,000 میٹرک ٹن سے زائد سونا خریدااور پچھلی دہائی کی اوسط سالانہ خریداری کے تقریباً دگنا کے برابر ہے۔