سرکاری ملازمین کے لیے اہم خبر ، وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری افسران کی کارکردگی جانچنے کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سول سروس اصلاحات اور وزارتوں میں کارکردگی جانچ کے نظام پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مختلف تجاویز پر بحث کی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ افسران کی ترقی، مالی مراعات اور دیگر سہولیات کا تعلق ایک شفاف اور جامع کارکردگی نظام سے ہونا چاہیے تاکہ سرکاری اداروں کی مجموعی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بغیر واضح اور شفاف معیار کے اچھی حکمرانی ممکن نہیں، اس لیے ایک مضبوط نظام کی بنیاد پر افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چکن کھانے کے شوقین افراد کیلئے اہم خبر! ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے، ایسے افسران کی تعریف، انعامات اور دیگر مراعات سے اداروں میں حوصلہ افزائی پیدا ہو گی اور مجموعی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ اصلاحات کے منصوبے جلد تیار کیے جائیں اور ان پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد فائدہ پہنچے۔
اجلاس میں سول سروس اصلاحات پر قائم کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی، جبکہ مختلف وزارتوں اور صوبائی حکام نے بھی اپنی تجاویز اور آراء سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے مشاورت کے عمل کو مزید فعال بنانے کی ہدایت دی تاکہ عملی اقدامات جلد شروع کیے جا سکیں اور سرکاری نظام میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدام نہ صرف افسران کی کارکردگی بڑھانے میں مددگار ہوگا بلکہ سرکاری اداروں میں شفافیت اور بہتر حکمرانی کو بھی فروغ دے گا، عوام کی بہتر خدمت کے لیے اس نظام کی بروقت تکمیل انتہائی ضروری قرار دی گئی ہے۔