آزادکشمیر میں ہونے والی ہنگامی صورت حا ل کے باعث وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس آج طلب کرلیا۔
اجلاس آج صبح وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں آزاد کشمیر حکومت، وزارت داخلہ کے نما ئندے ودیگر اہم حکام شر کت کریں گے ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر امورکشمیر انجینئر امیرمقام ، وزیرتوانائی، وزیر فوڈ سکیورٹی بھی شر یک ہوں گے ، اجلاس میں آزاد کشمیر کی موجودہ صور ت حال پر وزیراعظم شہبار شریف کو مکمل بریفنگ دی جائے گی۔ شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے دیگر جماعتوں کے قائدین سے رابطے تیز کر دئیے ہیں، انہوں نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری محمد یاسین اور صدر مسلم لیگ( ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر سے بھی بات کی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں سے بھی رابطہ کیا۔ خواجہ فاروق نے آزادکشمیر کی صور ت حال کا سیاسی قیادت کو مل بیٹھ کر معاملےکا حل نکالنے پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہےکہ آٹے پر سبسڈی، پیداواری لاگت پربجلی کی فراہمی کے مطالبات کی ہم پہلے ہی حمایت کرچکے ہیں، جائز عوامی مطالبات پورے کرنا آزاد کشمیر حکومت کی ذمہ داری ہے، ریاست میں عوام اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جنگ کسی کے مفاد میں نہیں، سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے عوامی ایشوز کا مل بیٹھ کر حل نکالیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ آزادکشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ مزید2 روز بندکرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر حکومت نے کل بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، کل ضلعی دفاتر بھی بند رکھے جائیں گے۔ خیال رہے کہ بجلی کے بھاری بلوں اور مہنگائی کے خلاف عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر آزاد کشمیر میں بھر میں احتجاج جاری ہے۔