کوئٹہ کے مصروف تجارتی علاقے لیاقت بازار میں واقع اچکزئی پلازہ میں آگ لگ گئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے بے قابو ہو گئی اور پلازہ میں قائم متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق لیاقت بازار میں واقع پلازہ میں لگنے والی آگ نے کئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، فائر بریگیڈ کا عملہ اور افواج پاکستان کے جوان آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہیں، تاہم تنگ راستوں اور شدید دھوئیں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:تعلیمی بورڈز میں نمبر سسٹم ختم، نیا نظام منظور
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اچکزئی پلازہ میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک آلات کی 25 سے زیادہ دکانیں قائم ہیں، جن میں قیمتی سامان موجود تھا، آگ صبح تقریباً 4 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس نے چند ہی لمحوں میں شدت اختیار کر لی۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور مختلف اطراف سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، دھوئیں کے بادل دور دور تک پھیل گئے جس کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض دکانوں میں موجود بیٹریاں اور الیکٹرانک آلات آگ کو مزید بھڑکانے کا سبب بنے، تاجر اپنی آنکھوں کے سامنے جمع پونجی جلتے دیکھتے رہے۔
مزید پڑھیں:گل پلازہ سانحہ وزیراعلیٰ سندھ کا جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے بڑی رقم کا اعلان
تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے، حکام کے مطابق آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد نقصان کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور واقعے کی تحقیقات بھی کی جائیں گی۔


