پشاور ہائیکورٹ میں 6 نو تعینات ججز کی حلف برداری کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق نے نو تعینات ججز سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
تقریب عدالتی وقار اور روایات کے مطابق منعقد کی گئی، جس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز، وکلا اور عدالتی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران جسٹس محمد طارق آفریدی اور جسٹس عبدالفیاض نے بطور پشاور ہائیکورٹ جج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ اس موقع پر جسٹس صلاح الدین اور جسٹس صادق علی نے بھی آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی کا حلف لیا۔
مزید برآں جسٹس سید مدثر امیر اور جسٹس قاضی جواد احسن اللہ نے بھی بطور پشاور ہائیکورٹ جج حلف اٹھا لیا۔ نو تعینات ججز نے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
حلف برداری کی اس تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے سینئر ججز جسٹس اعجاز انور، جسٹس ارشد علی، جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ سمیت پشاور ہائیکورٹ کے تمام معزز ججز شریک ہوئے۔
شرکا نے نو تعینات ججز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ عدالتی نظام کی بہتری اور بروقت انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی سے زیر التوا مقدمات کے بوجھ میں کمی اور سائلین کو جلد انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی، جبکہ عدلیہ پر عوام کے اعتماد کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔