ڈسٹرکٹ پولیس افسر مری ڈاکٹر رضا تنویر نے متوقع برفانی طوفان کے پیشِ نظر مری کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ڈی پی او مری کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق آج شام سے کل شام تک مری اور گردونواح میں شدید برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث سیاحوں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ڈاکٹر رضا تنویر نے کہا کہ شہری اور سیاح بالخصوص رات کے وقت مری کا سفر ہرگز نہ کریں کیونکہ درجہ حرارت میں شدید کمی کے باعث سڑکوں پر برف شیشے جیسی سخت تہہ اختیار کر سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برف سے ڈھکی سڑکوں پر گاڑیوں کے بریک مؤثر طریقے سے کام نہیں کرتے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ڈی پی او مری کے مطابق رات کے وقت اندھیرے اور دھند کی وجہ سے برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا بھی انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے اور گاڑیاں پھنسنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ناگزیر ہے۔
مزید برآں ڈاکٹر رضا تنویر نے ہدایت کی کہ سنوچین کے بغیر کسی بھی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں کو تاکید کی کہ مری روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک مکمل طور پر فل رکھیں، گاڑی کی مکینیکل فٹنس چیک کریں اور بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر کے درست کام کرنے کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی او مری نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، غیر ضروری سفر سے اجتناب برتیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ہیلپ لائنز سے رابطہ کریں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔