پشاور: 38 ارب روپے مالیت کے کوہستان مالیاتی سکینڈل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) نے سکینڈل کے ایک اہم ملزم کی پلی بارگین منظور کر لی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی تحویل میں موجود ملزم ممتاز نے لوٹی گئی رقم واپس کرنے کے لیے پلی بارگین کی درخواست دی تھی، جس میں اس نے 4 ارب 5 کروڑ روپے واپس کرنے کی پیشکش کی۔ چیئرمین نیب نے ملزم ممتاز کی یہ درخواست قبول کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزم ممتاز، سی اینڈ ڈبلیو کے اہلکار قیصر اقبال کے فرنٹ میں شامل ہیں۔ احتساب عدالت سے پلی بارگین کی منظوری کے بعد لوٹی گئی رقم سرکاری خزانے میں واپس کی جائے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ کوہستان مالیاتی سکینڈل میں سی اینڈ ڈبلیو کی جانب سے مجموعی طور پر 38 ارب روپے بے نامی داروں اور ٹھیکیداروں کو جاری کیے گئے تھے۔ سکینڈل سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔