آپریشن غضب للحق تیز‘، پاک فوج کا چترال میں افغان طالبان کی پوسٹ پر بڑا حملہ،’بادانی پوسٹ مکمل تباہ

آپریشن غضب للحق تیز‘، پاک فوج کا چترال میں افغان طالبان کی پوسٹ پر بڑا حملہ،’بادانی پوسٹ مکمل تباہ

پاک افغان سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج نے دہشت گرد عناصر اور سرحد پار سے ہونے والی مبینہ جارحیت کے خلاف ’آپریشن غضب للحق‘ کے تحت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چترال کے ملحقہ سرحدی علاقے میں افغان طالبان کی ایک اہم چوکی ’بادانی پوسٹ‘ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے چترال کے سرحدی علاقے میں واقع اس پوسٹ کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ کارروائی کے دوران زمینی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا اور کواڈکاپٹرز کے ذریعے درست نشانہ لگاتے ہوئے اس پوسٹ کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان میں کارروائیاں عالمی قوانین کے عین مطابق، بھارتی الزامات بے بنیاد، مضحکہ خیز اور منافقت پر مبنی ہے، پاکستان

ذرائع کے مطابق کارروائی انتہائی منصوبہ بندی کے تحت کی گئی جس میں سرحد پار موجود ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ پوسٹ سرحد پار سے دراندازی اور دہشت گرد سرگرمیوں کی معاونت کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ عناصر کو اس کارروائی کے بعد مختلف محاذوں پر شدید دباؤ اور پسپائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے۔

حکام کے مطابق پاک فوج کی جانب سے یہ کارروائی بلا اشتعال جارحیت اور سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کے ردعمل میں کی گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ’آپریشن غضب للحق‘ ایک جامع اور مسلسل جاری رہنے والا آپریشن ہے جس کا مقصد سرحدی علاقوں کو دہشت گردی سے پاک کرنا اور دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق اس آپریشن کے دوران جدید نگرانی کے نظام، ڈرون ٹیکنالوجی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد عناصر کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور انہیں مرحلہ وار نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اس کے تمام اہداف مکمل طور پر حاصل نہیں ہو جاتے اور سرحدی علاقوں میں امن و استحکام کو یقینی نہیں بنا لیا جاتا۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق پاک فوج کسی بھی قسم کی سرحدی خلاف ورزی یا دہشت گرد سرگرمی کے خلاف فوری اور مؤثر ردعمل دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *