سینٹرل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما شوکت نواز میر نے اعلان کیا ہے کہ ایک سال کی جدوجہد کے بعد بالآخر اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےشوکت میر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے سستی بجلی، آٹا اور اشرافیہ طبقے کی مراعات میں کمی سمیت اپنے بنیادی مطالبات کامیابی سے حاصل کیے ہیں۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے حکومت کی جانب سے مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد اپنی شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پہیہ جام ہڑتال ختم کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز مزید سستے ہو گئے
خیال رہے کہ حکومت نے آزاد کشمیر کو 23 ارب روپے کا خصوصی مالی پیکج دینے پر اتفاق کیا ہے جو آٹے اور بجلی کی سبسڈی پر خرچ کیا جائے گا۔ کمیٹی کے مطالبات منظور کر لیے گئے ہیں جن میں بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ، 100 سے 300 یونٹ کے لیے 5 روپے فی یونٹ اور 300 یونٹ سے زائد کے لیے 6 روپے فی یونٹ کرنا شامل ہے۔
20 کلو آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جس میں 1100 روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے بجلی کے بلوں میں کمی، آٹے پر سبسڈی اور دیگر مطالبات کے لیے 11 مئی کو آزاد کشمیر اسمبلی کے سامنے لانگ مارچ اور دھرنے کا اعلان کیا تھا۔