لاہور میں بسنت کی آمد سے قبل ہی پتنگ بازی کے سامان کی شدید قلت سامنے آ گئی ہے، جس کے باعث پنجاب حکومت نے ہنگامی بنیادوں پر اہم فیصلہ کرتے ہوئے مزید چار اضلاع میں پتنگ بازی کا سامان تیار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں پتنگیں، ڈور اور دیگر متعلقہ سامان تیار کیا جا سکے گا، تاہم ان اضلاع میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہو گی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں بسنت کے موقع پر متوقع طلب کے پیش نظر مقامی سطح پر دستیاب سامان ناکافی ثابت ہو رہا تھا، جس کے باعث قلت کو پورا کرنے کے لیے دیگر اضلاع سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجازت صرف سامان کی تیاری تک محدود ہو گی اور تیار شدہ سامان براہ راست لاہور منتقل کیا جائے گا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور ملتان میں کسی بھی صورت پتنگ بازی نہیں کی جائے گی۔ ان اضلاع میں صرف رجسٹرڈ اور منظور شدہ یونٹس کو محدود پیمانے پر پتنگ سازی کی اجازت دی گئی ہے تاکہ لاہور میں بسنت کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں اور بلیک مارکیٹنگ سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کی اجازت صرف لاہور تک محدود رکھی گئی ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس فیصلے کا مقصد ایک جانب لاہور میں بسنت کی تیاریوں کو متاثر ہونے سے بچانا ہے جبکہ دوسری جانب صوبے بھر میں امن و امان اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہے۔
محکمہ داخلہ کا مزید کہنا ہے کہ پتنگ سازی اور ترسیل کے پورے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی، غیر معیاری یا ممنوعہ ڈور کی تیاری پر مکمل پابندی ہو گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ بسنت کو محفوظ اور منظم انداز میں منانے کے لیے تمام انتظامی اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔