وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے بسنت کی چھٹی سے متعلق اہم اعلان کیا ہے ۔
وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ 6 فروری کو صرف لاہور میں بسنت کی تعطیل ہوگی ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں بسنت کے تہوار کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، مگر اس کے ساتھ حکومت اور انتظامیہ نے شہریوں کی حفاظت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیےاقدامات بھی کیے جارہے ہیں ۔
پنجاب حکومت نے لاہور میں خصوصی تعطیلات کا اعلان کر رکھا ہے جن میں قومی دنوں کے ساتھ شہر کے روایتی تہوار بسنت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
تعطیلات کا آغاز 5 فروری کو یوم کشمیر کے موقع پر قومی تعطیل سے ہوگا، اس کے بعد 6 سے 8 فروری تک بسنت کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ، جس کے نتیجے میں شہریوں کو لانگ ویک اینڈ کی چھٹیاں میسر آئیں گی جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی کی۔
بسنت کے موقع پر پتنگ بازی کی اجازت صرف لاہور تک محدود ہو گی، ضلعی انتظامیہ نے لاہور کو بسنت کے رنگوں میں رنگنا شروع کر دیا ہے، اس بسنت کی سب سے اہم بات یہ بھی ہے کہ سرکاری سطح پر منائی جانے والا یہ تہوار د دہائیوں کے بعد ایسے وقت میں دوبارہ واپس آیا جس کو سوشل میڈیا کا دور کہا جاتا ہے۔
یہ اس دور میں آنے والی ملک کی پہلی بسنت ہے، اتوار یکم فروری سے قانون کے مطابق پتنگیں، گُڈے اور ڈور بیچی اور خریدی جا سکتی ہیں۔ تاہم صرف وہی لوگ پتنگ بازی کا سامان بیچنے کے اہل ہیں جن کو سرکار نے لائسنس جاری کر رکھے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر میں بسنت کے تینوں دن مفت سفر کی سروس اس لیے شروع کی گئی ہے تاکہ لوگ موٹر سائیکلوں پر کم سے کم سفر کریں اور کسی بھی طرح کے حادثے سے محفوظ رہیں۔