نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی صارفین کیلئے ایک اور مالی جھٹکا دیتے ہوئے بجلی ایک ماہ کیلئے 28 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں یہ اضافہ دسمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی نرخوں میں اس اضافے کا اطلاق کراچی الیکٹرک اور ملک بھر کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین پر ہو گا۔ فیصلے کے تحت یہ اضافہ فروری کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیرِ اعظم شہباز شریف کا صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر ہونے والی سماعت کے بعد کیا گیا۔ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی، تاہم نیپرا نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد جزوی طور پر درخواست منظور کرتے ہوئے 28 پیسے فی یونٹ اضافے کی اجازت دی۔
توانائی ماہرین کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بار بار ہونے والے اضافے سے صارفین کے ماہانہ بلوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ پہلے ہی مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کیلئے یہ فیصلہ مزید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں کمی یا اضافہ عالمی ایندھن قیمتوں اور پیداواری لاگت میں تبدیلی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔