وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں، لیکن قوم کے اتحاد اور مسلح افواج کی صلاحیت سے انہیں جہنم واصل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کو کسی صورت ملک کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں واصل جہنم کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ کانووکیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے، عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے اور میڈیکل تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں اور طلبہ و طالبات کو میڈلز اور اعزازات کے حصول پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ نہ صرف یونیورسٹی بلکہ پورے ملک کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا فرض انسانیت کی بلاامتیاز خدمت کرنا ہے، جہاں نہ مذہب، نہ نسل اور نہ رنگ دیکھا جائے، بلکہ ہر فرد صرف ایک انسان کے طور پر اہمیت رکھتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے نوجوان ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے بیرون ملک جائیں مگر واپس آ کر اپنے وطن اور عوام کی خدمت کریں کیونکہ یہ ان پر قوم کا قرض ہے۔
انہوں نے تاکید کی کہ ڈاکٹروں کو محض دولت کے پیچھے نہیں بھاگنا چاہیے، بلکہ عزت اور معاشی آسودگی خود ان کے قدموں میں آئے گی۔
رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے قیام کا پس منظر بھی بیان کیا اور بتایا کہ 2016 میں پنجاب میڈیکل کالج کے ایک سربراہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے رابطہ کیا جس پر صرف 10 دن میں یونیورسٹی کے قیام کی ہدایت دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی بجٹ میں ڈینٹل میڈیکل کالج کے سنگ بنیاد کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں گے اور فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی مزید ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔