ایپل کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی ہے اگرچہ آئی فون 18 پرو میکس کی باضابطہ رونمائی میں ابھی چند ماہ باقی ہیں، لیکن اس کے ممکنہ ڈیزائن اور رنگوں نے ابھی سے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
نئی لیک تصاویر نے نہ صرف فون کی جھلک دکھائی ہے بلکہ ان فیچرز کی بھی نشاندہی کی ہے جو اسے ایپل کی تاریخ کے طاقتور ترین اسمارٹ فونز میں شامل کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سامنے آنے والی تصاویر میں آئی فون 18 پرو میکس کو مختلف رنگوں اور زاویوں سے دکھایا گیا ہے، لیکس کے مطابق نیا ماڈل ظاہری طور پر گزشتہ نسل کے آئی فون 17 پرو سے کافی حد تک مشابہ ہوگا، تاہم اس میں چند اہم تبدیلیاں صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایپل اس بار آئی فون 18 پرو سیریز کو چار رنگوں میں متعارف کرا سکتا ہے۔ ان میں لائٹ بلیو، ڈارک گرے، سلور اور نیا ڈارک چیری کلر شامل ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی فون 17 سیریز کا مقبول اورنج رنگ ممکنہ طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ اس کی جگہ ڈارک چیری کلر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جسے لیک تصاویر میں کافی پسند کیا جا رہا ہے۔
اس سال ایپل اپنے آئی فونز متعارف کرانے کے روایتی طریقہ کار میں بھی تبدیلی لا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ستمبر میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کو کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
دوسری جانب معیاری آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے ابتدائی مہینوں میں متعارف کرائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ایپل کی لانچ پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی ہوگی۔
آئی فون 18 پرو میکس میں کیا نیا ہوگا؟
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس میں ایپل کا نیا اے 20 پرو بائیونک پراسیسر دیا جائے گا، جو کارکردگی اور بیٹری کی بچت دونوں کو بہتر بنا سکتا ہے۔
اسی طرح فون میں اپ گریڈ شدہ سی 2 موڈیم بھی شامل کیے جانے کی توقع ہے ، یہ موڈیم تیز رفتار کنیکٹیویٹی اور بہتر نیٹ ورک پرفارمنس فراہم کر سکتا ہے، جس سے صارفین کو روزمرہ استعمال میں نمایاں فرق محسوس ہوگا۔
لیک رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایپل سیلفی کیمرے کے لیے استعمال ہونے والے ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو مزید کم کرنے پر کام کر رہا ہے۔
اگر یہ تبدیلی حقیقت بن جاتی ہے تو صارفین کو بڑی اسکرین اور زیادہ بہتر ویژول تجربہ مل سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایپل کے مداح اس ممکنہ اپ گریڈ کو خاصی دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
صارفین کی نظریں اب ستمبر پر
اگرچہ یہ تمام تفصیلات لیکس اور غیر مصدقہ رپورٹس پر مبنی ہیں، تاہم انہوں نے پہلے ہی ٹیکنالوجی شائقین کے درمیان بحث چھیڑ دی ہے ۔ کچھ صارفین نئے رنگوں اور فولڈ ایبل آئی فون کے امکانات پر پُرجوش ہیں، جبکہ کچھ لوگ ڈیزائن میں محدود تبدیلیوں پر سوالات بھی اٹھا رہے ہیں۔
تاہم ایک بات واضح ہے کہ آئی فون 18 پرو میکس ایپل کے لیے ایک اہم ڈیوائس ثابت ہو سکتا ہے۔ اب سب کی نظریں ستمبر کی متوقع تقریب پر ہیں، جہاں معلوم ہوگا کہ لیک تصاویر حقیقت کے کتنے قریب تھیں۔