پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی تک ملک گیر احتجاج کریں گے۔ تحریک انصاف کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں احتجاج ریکارڈ کروایا جائیگا جبکہ ہر ہفتے کو شہروں اور قصبوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف نے ورکرز کو تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔ صوبائی حلقوں کے ٹکٹ ہولڈراور اراکین اسمبلی احتجاج کی قیادت کریں گے۔
مزید پڑھیں: عمران خان اور تحریک انصاف مائنس نہیں ہوگی، جے یو آئی رہنما حافظ حمداللہ
دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور اس ملک کی خاطر ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سب کو معاف کرنے کو تیار ہیں۔ لیکن یہ لوگ لیڈر کو جیل میں رکھ کر کہتے ہیں کہ قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام تھانوں میں ہمارے خلاف مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ملک کی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے یہ آواز اٹھائی، عوام نے بھرپور ہمارا ساتھ دیا۔ انتخابات میں زیادتیوں کے باوجود ہمیں 90 سیٹیں ملیں، سابق نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے ٹھیک کہا ہے فارم 47 نہ ہوتے تو ہماری 180 سیٹیں ہوتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں عدلیہ آزاد ہو، تاکہ انصاف لینے کے لیے 45 سال نہ لگیں، ہمارے لیڈر کو جیل میں رکھ کر آپ کہتے ہیں قانون کی بالادستی کریں اور دوسری جانب جس شخص کا لندن آنا اور جانا متنازع تھا اس کو بری کر دیا گیا۔ گوہر خان نے کہا کہ ہم وہ پاکستان چاہتے ہیں جس میں جمہوریت ہو، آزاد عدلیہ ہو، گھروں میں کیمرے نہ لگے ہوں تاکہ بروقت انصاف مل سکے۔ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قوم و عوام کی خاطر ہم آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، کیونکہ پاکستان کی عوام جان چکی ہے کہ اصل جمہوری لوگ کون ہیں۔