فتویٰ کونسل یو اے ای نے رمضان 2026 کے لیے صدقۂ فطر، فدیہ اور دیگر شرعی ادائیگیوں کی سرکاری رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلے وزارتِ اقتصادیات اور سیاحت کے تعاون سے کی گئی فیلڈ پرائس اسٹڈی کے بعد جاری کیے گئے۔
کونسل کے اعلامیے کے مطابق، صدقۂ فطر فی شخص 2.5 کلو چاول یا اس کی نقد قیمت 25 درہم ہوگی۔ روزہ نہ رکھنے والے افراد کے لیے فدیہ ایک مسکین کو 3.25 کلو گندم یا 20 درہم فی دن کے حساب سے ادا کیا جائے گا۔ فدیہ کھانا کھلانے کی صورت میں بھی یہی رقم لاگو ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ رمضان کے روزے جان بوجھ کر توڑنے پر فدیہ 1,200 درہم مقرر کی گئی ہے، جو 60 مستحق افراد میں تقسیم کی جائے گی۔ حج یا عمرہ کے دوران کسی ممنوعہ عمل کے ارتکاب پر فدیہ 120 درہم ہوگا، جو چھ مستحقین کو دیا جائے گا۔ مزید یہ کہ ایک افطار کھانے کی کم از کم قیمت 20 درہم رکھی گئی ہے۔
فتویٰ کونسل کے ترجمان نے بتایا کہ ہر صاحبِ حیثیت مسلمان مرد اور عورت پر صدقۂ فطر ادا کرنا واجب ہے۔ زکوٰۃ الفطر رمضان کے دوران مستحقین کو دی جاتی ہے اور اس کی ادائیگی رمضان کے دوران عیدالفطر کی نماز سے پہلے تک کی جا سکتی ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنی ادائیگیاں زکوٰۃ فنڈ، ریڈ کریسنٹ یا تسلیم شدہ خیراتی اداروں کے ذریعے انجام دیں تاکہ مستحقین تک بروقت پہنچیں۔