نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں شیڈول کے مطابق پندرہ فروری کو ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گی۔ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پاک بھارت میچ کھیلنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا میچ ہے، اس لیے پاکستان کو یہ میچ کھیلنا چاہیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا اور میچ کھیلنے کے فیصلے کا اعلان چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اب فیصلہ حتمی ہو گیا ہے اور پاکستان بھارت کے ساتھ اپنا شیڈول شدہ میچ کھیلے گا، جس کا باضابطہ اعلان کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سری لنکا کے صدر کے علاوہ کئی دیگر ممالک نے بھی وزیر اعظم سے رابطہ کیا اور بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کی درخواست کی۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ سری لنکا نے مشکل ادوار میں پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی، اس لیے یہ فیصلہ مناسب ہے۔
مزید برآں، یو اے ای نے بھی اس معاملے پر نظرثانی کی درخواست کی جبکہ برطانوی کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان بھارت میچ کھیلنے کی حمایت کی۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان یہ میچ پندرہ فروری کو شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا۔