انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں بنگلادیش پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔
آئی سی سی کے مطابق بنگلادیش کو مستقبل میں آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی بھی دی جائے گی۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ 2028 سے 2031 کے درمیان ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ معاملات پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے بات چیت کا عمل جاری رہا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان اہم مذاکرات ہوئے تھے، جن کا تعلق پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق امور سے تھا۔
ان مذاکرات میں آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی آمنے سامنے بیٹھے، جبکہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق تینوں فریقین کے درمیان ہونے والی ملاقات پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی توجہ بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ازالے پر مرکوز رہی۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں آئی سی سی اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس پورے عمل میں باہمی رابطہ کار کا کردار ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے بی سی بی کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیا اور بنگلادیش کے ساتھ پیش آنے والے معاملات کے حل کے لیے ایک فارمولہ بھی تیار کیا۔
دوسری جانب ذرائع دعوی کررہے ہیں کہ پاکستان نے سری لنکن صدر کی درخواست پر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہےاسی تناظر میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی ہے۔