ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے آئی سی سی کے 174 ملین امریکی ڈالرز بچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق نقصان کا تخمینہ براڈ کاسٹرز گیٹ منی اور دیگر اسپانسر شپ کی مد میں لگایا گیا، پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے ایئر ٹکٹ میں اضافہ دیکھا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹ میں ابتدائی طور پر 10 سے 60 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا اور پاک بھارت میچ کی وجہ سے کولمبو میں ہوٹل انڈسٹری نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
کئی کرکٹ شائقین نے پاکستان کے میچ کے بائیکاٹ کے بعد ہوٹل کی بکنگ منسوخ کرنے کے لیے رابطے بھی کیے جبکہ کئی کرکٹ شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کی پالیسی کے حوالے سے معلومات حاصل کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026ء میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان بھارت کے ساتھ میچ کھیلے گا۔ قومی ٹیم کو 15 فروری کو شیڈول کے مطابق میچ کھیلنے کا کہہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کر دیا تھا، جس پر پاکستان نے بنگلا دیش کی حمایت کی تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو ورلڈ کپ 2026 میں شامل کر لیا، جس کے بعد پاکستان نے اس فیصلے پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔