پاکستان میں پہلی کوانٹم کمپیوٹنگ ہیکا تھون کامیابی سے مکمل

پاکستان میں پہلی کوانٹم کمپیوٹنگ ہیکا تھون کامیابی سے مکمل

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیر اہتمام ملک میں پہلی کوانٹم کمپیوٹنگ ہیکا تھون کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ یہ ایونٹ جدید اور ابھرتی ٹیکنالوجیز کے فروغ اور ملک میں آئی ٹی سمیت دیگر سائنسی شعبوں میں مہارت کو بڑھانے کے لیے منعقد کیا گیا۔

چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوانٹم ٹیکنالوجی تیزی سے دنیا میں تبدیلی کی قوت بن رہی ہے اور یہ مستقبل کی دنیا کے ڈھانچے کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوانٹم کمپیوٹنگ کا مقصد روایتی کمپیوٹنگ سسٹمز کی جگہ لینا نہیں بلکہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنا اور نئے مسائل کے حل تلاش کرنا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف لیزرز اینڈ آپٹرانکس ڈاکٹر منظور اکرام نے ایونٹ کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس ہیکا تھون کا مقصد ٹیکنالوجی پر آگہی پیدا کرنا اور عالمی چیلنجز کے حل کے لیے کوانٹم الگورتھمز تیار کرنا تھا۔

ہیکا تھون میں شریک ٹیموں نے مختلف سائنسی مسائل کے حل کے لیے کوانٹم الگورتھمز تیار کیے۔ خاص طور پر وہ ٹیم جس نے ٹی بی کی جلد تشخیص کے لیے کوانٹم الگورتھمز کی بنیاد پر حل تیار کیا، انہیں آٹھ لاکھ روپے کا پہلا انعام دیا گیا۔

ایونٹ کے اختتام پر شرکاء نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سائنسی مہارت کو فروغ دینے اور مستقبل میں ملک میں کوانٹم کمپیوٹنگ کے شعبے کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق یہ ہیکا تھون ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *