آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے اہم بولر ونندو ہسارانگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا ٹیم کے اسپنر ونندو ہسارانگا ہیمسٹرنگ انجری کے سبب ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ہسارانگا کو یہ انجری اتوار کو آئر لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ونندو ہسارانگا کی جگہ بولنگ آل راؤنڈر دُشان ہمانتھا کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ اتوار کو سری لنکا نے کولمبو میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران سری لنکن کرکٹر بھانوکا راجاپکسا کے ایک بیان نے کرکٹ حلقوں میں نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ انہوں نے بھارتی بیٹرز کے استعمال کردہ بلّوں پر سوال اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کھلاڑی ایسے خاص بلّے استعمال کر رہے ہیں جو انہیں دیگر ٹیموں کے مقابلے میں غیر منصفانہ برتری دیتے ہیں۔
ان کے اس بیان کے بعد کرکٹ شائقین اور تجزیہ کاروں کے درمیان ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہےاتوار کے روز سری لنکا نے کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز کیا۔ تاہم میچ کے نتیجے کے بجائے راجاپکسا کے میچ کے بعد دیے گئے بیانات زیادہ توجہ کا مرکز بن گئے۔ نیوز وائر سے گفتگو کرتے ہوئے بھانوکا راجاپکسا نے کہا کہ بھارتی بیٹرز کے بلّے عام کھلاڑیوں کو دستیاب بلّوں سے کہیں زیادہ مؤثر نظر آتے ہیں۔
راجاپکسا کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کے بلّے اس معیار سے بھی بہتر ہیں جو عام طور پر اعلیٰ سطح کے کرکٹرز کو میسر ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ تاثر بھی دیا کہ ان بلّوں پر کسی قسم کی ربڑ جیسی تہہ موجود محسوس ہوتی ہے، جس کی وجہ سے گیند بلّے سے غیر معمولی رفتار کے ساتھ نکلتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خود یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ایسا کیسے ممکن ہے، جبکہ دوسرے کھلاڑی اس نوعیت کے بلّے خریدنے کی استطاعت بھی نہیں رکھتے۔ ان کے مطابق کرکٹ کھیلنے والے زیادہ تر کھلاڑی اس فرق سے آگاہ ہیں۔