وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری افسران اور ملازمین کو رہائش کی فراہمی کے نظام میں بہتری کے لیے نئی ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
اس اہم فیصلے کا مقصد اکاموڈیشن کے حصول کے عمل کو تیز، شفاف اور زیادہ مؤثر بنانا ہے تاکہ ملازمین کو درپیش رہائشی مسائل جلد حل کیے جا سکیں اور اخراجات کو مقررہ بجٹ کے اندر رکھا جا سکے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی تمام وزارتوں اور ڈویژنز کو باضابطہ طور پر فراہم کر دی گئی ہے، اس حوالے سے جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات فیاض الحق نے آفس میمورنڈم جاری کیا ہے، جس میں واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ہر وزارت اپنے ملازمین کے لیے رہائش کی ہائرنگ اپنے مختص شدہ بجٹ کے اندر کرے۔
نئی پالیسی کے تحت مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں کو اپنے ملازمین کی رہائش سے متعلق معاملات میں زیادہ انتظامی خودمختاری حاصل ہوگی۔
اس اقدام سے فیصلہ سازی کے عمل میں تاخیر کم ہوگی اور اکاموڈیشن کی فراہمی زیادہ منظم انداز میں ممکن ہو سکے گی، وزارت ہاؤسنگ کے مطابق یہ پالیسی گریڈ ایک سے لے کر گریڈ بائیس تک کے تمام سرکاری ملازمین پر لاگو ہوگی، جس سے وسیع پیمانے پر سرکاری عملہ مستفید ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے رہائش کے حصول کا نظام مزید تیز رفتار اور شفاف بنایا جا سکے گا، نئی ڈی سینٹرلائزیشن پالیسی کا بنیادی مقصد شفافیت کو فروغ دینا، ملازمین کو سہولت فراہم کرنا اور مالی نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر اور بہترین استعمال ممکن بنایا جا سکے۔