پنجاب حکومت کے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ویٹنگ پوسٹنگ ملازمین کے لیے ای ٹرانسفر راؤنڈ شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق ٹرانسفر پالیسی 2024 کی منظوری کے تحت مجاز اتھارٹی نے ای پورٹل کے ذریعے ویٹنگ پوسٹنگ (Awaiting Posting) افسران کی تعیناتی کے عمل کا آغاز کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ای ٹرانسفر شیڈول کے مطابق 13 فروری 2026 سے ای پوسٹنگ راؤنڈ کا باقاعدہ آغاز ہوگا، جبکہ اسی روز سے 16 فروری 2026 تک ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی موبائل ایپ کے ذریعے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 17 فروری 2026 کو سی آئی ایس ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی اور اسی روز تقرری کے احکامات بھی جاری اور اپ لوڈ کیے جائیں گے۔ منتخب افسران کو 18 فروری 2026 تک اپنی نئی تعیناتی والی جگہ پر چارج سنبھالنا ہوگا۔
محکمہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ بعض افسران ای پورٹل کے ذریعے درخواست جمع نہیں کرواتے یا تبادلہ و تعیناتی کے احکامات جاری ہونے کے بعد اپنی نئی جائے تعیناتی پر رپورٹ نہیں کرتے۔ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی نے اس طرز عمل کا سخت نوٹس لیا ہے اور عدم تعمیل کی صورت میں متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ مراسلہ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر جاری کیا گیا ہے اور اس کی نقول ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) پنجاب، ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) ساؤتھ پنجاب، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی سلوشن (PITB)، تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز آف ایجوکیشن (کالجز) اور متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ شیڈول کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے حکام کے مطابق ای ٹرانسفر نظام کے ذریعے تعیناتی کا عمل شفاف، میرٹ پر مبنی اور تیز تر بنایا جا رہا ہے تاکہ ویٹنگ پوسٹنگ افسران کو بروقت تعیناتی دی جا سکے اور انتظامی امور میں بہتری لائی جا سکے۔