طلبہ، نوجوانوں اور خواتین کے لیے ایک سنہری موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس حاصل کر سکیں
وزیراعظم کی پیو (PEW) اسکیم کے تحت الیکٹرک بائیکس اور دیگر الیکٹرک گاڑیوں کے لیے منظور شدہ سبسڈی کی رقم مستحق افراد کو منتقل کرنے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو چکا ہے، جس سے ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حماد علی منصور نے بتایا ہے کہ اس اسکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس اور دیگر الیکٹرک گاڑیاں تقسیم کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں الیکٹرک گاڑیاں حاصل کرنے والے 41 ہزار مستحق افراد کو سبسڈی کی رقم کی منتقلی کا عمل جاری ہے حماد علی منصور کا کہنا تھا پہلے مرحلے میں 40 ہزار الیکٹرک بائیکس جبکہ ایک ہزار الیکٹرک رکشے اور لوڈرز شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 78 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیوں کے لیے سبسڈی فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے، جس سے اسکیم کے دائرہ کار کو مزید وسعت دی جائے گی سی ای او انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ حکومت رواں سال پیو اسکیم کے تحت تقریباً 9 ارب روپے کی خطیر سبسڈی فراہم کرے گی۔
اس اسکیم کا بنیادی مقصد طلبہ، نوجوانوں اور خواتین کو کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ نہ صرف ان کے سفری اخراجات میں کمی آئے بلکہ ایندھن کے بڑھتے ہوئے مسائل اور ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پایا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیو اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے پیو پورٹل پر رجسٹریشن لازمی ہے، درخواست گزار کو پورٹل پر اپنی ذاتی اور ضروری معلومات فراہم کرنا ہوں گی، جس کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور مستحق افراد کے انتخاب کا پورا طریقہ کار مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ اسکیم نہ صرف نوجوانوں اور خواتین کے لیے روزمرہ آمدورفت کو آسان بنائے گی بلکہ ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دے کر گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔