وزیر اعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

وزیر اعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شریک ہوں گے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔ یہ بات ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہی۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کے اس دورے کے دوران ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا، جو مختلف اہم عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورۂ امریکا کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان بھارت کو سنجیدہ مذاکرات کی دعوت دے چکا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے سیکیورٹی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ داعش کی افغانستان میں موجودگی کے شواہد پاکستان نے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ شیئر کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش کے حملوں کا ماسٹر مائند افغانستان میں موجود ہے اور پاکستان کو اس حوالے سے سنگین تحفظات لاحق ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے متعلق امور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے نئے ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کو یکطرفہ اقدامات سے گریز کرنا چاہیے اور سندھ طاس معاہدے کی مکمل پاسداری کرنا اس کی ذمہ داری ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس معاہدے پر عملدرآمد کو خطے میں پانی کے منصفانہ استعمال اور امن کے لیے نہایت اہم سمجھتا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *