ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیا اور طلبہ و اساتذہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں حصہ لیا، جس میں ملکی قومی سلامتی، دہشت گردی کے موجودہ چیلنجز، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے نیٹ ورکس اور پاکستان کے خلاف جاری ہائبرڈ وارفیئر پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فیلڈ مارشل پر فخر کا اظہار کیا۔ ترجمان پاک فوج نے حالیہ دنوں بلوچستان میں BLA کی دہشت گردانہ کارروائیوں اور ان کی آڑ میں سوشل میڈیا پر پھیلائے گئے جھوٹے پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور طلبہ و اساتذہ کو اس بارے میں آگاہ کیا۔
نشست کے دوران دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اس کے علاوہ، پاکستان کی معرکۂ حق کے بعد حاصل ہونے والی سفارتی کامیابیوں اور سوشل میڈیا کے محاذ پر نوجوانوں کے مثبت کردار کو بھی سراہا گیا۔
طلبہ نے اس موقع پر کھل کر سوالات کیے اور ترجمان پاک فوج نے تمام سوالات کے مدلل اور جامع جوابات دیے۔ طلبہ نے سوشل میڈیا پر بنائے جانے والے ٹرینڈز کے حوالے سے ترجمان پاک فوج کے مؤقف سے اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس نوعیت کے سیشنز نوجوان نسل کو حقائق سے روشناس کرانے کے لیے نہایت مفید اور قابلِ ستائش ہیں۔
طلبہ نے عزم ظاہر کیا کہ وہ متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کے مقابلے میں سیسہ پلائی دیوار بنے رہیں گے اور ملک کی سلامتی کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔