پاکستان اور بھارت ٹی 20 عالمی کپ کے میچ سے قبل سری لنکن شائقین نے پاکستانی ٹیم اور مداحوں کے لیے دل کھول کر خیرمقدم کیا ہے اور سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ اور ٹاپ ٹرینڈ بنا دیے ہیں۔
کولمبو میں میچ سے پہلے سوشل میڈیا پر سری لنکن جین زی کی جانب سے ’ویلکم پاکستان‘ کا ہیش ٹیگ بنا دیا جس کے بعد ’کرکٹ یونائیڈز‘کے ہیش ٹیگز بھی تیزی سے ٹرینڈ کرنے لگے، جس سے شائقین کی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں دلچسپی اور پاکستان کی بھرپور سپورٹ کا عنصر نمایاں ہو گیاہے۔
میچ کے موقع پر آر پریماداسا اسٹیڈیم کے اطراف شائقین کے جوش و خروش اور دوستانہ سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔ پاکستانی اور بھارتی مداح ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت، تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں، جس سے کرکٹ کو صرف مقابلے کا ذریعہ نہیں بلکہ دوستی اور کھیل کے جذبے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
ماہرین اور کرکٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے مواقع نہ صرف خطے میں کھیل کے ذریعے مثبت پیغام کو فروغ دیتے ہیں بلکہ کرکٹ کے سفارتی پہلو کو بھی مضبوط کرتے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ مقابلے مختلف ممالک کے شائقین کو قریب لانے کا ذریعہ بنتے ہیں اور نوجوان نسل کے لیے کھیل میں باہمی احترام اور مثبت رویے کو سیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
کولمبو میں ہوٹلوں، ریستوران اور سڑکوں پر بھی غیر معمولی رونق دیکھی جا رہی ہے، جہاں شائقین میچ کے جوش میں شامل ہونے کے لیے دور دراز سے آئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ماحول کرکٹ کی عالمی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنتا ہے اور کھیل کو ایک بین الاقوامی سفارتی فورم کے طور پر بھی اجاگر کرتا ہے۔