لیفٹیننٹ کرنل بشارت خان جدون نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوست ڈرائی پورٹ پہ NLC نے اپریل 2018 میں اپنے آپریشنز کا آغاز کیا۔ ابتدا میں اس کے انفراسٹرکچر کو ترقی دے کر اس قابل بنایا گیا کہ یہاں موجود سہولیات کو بہتر بنایا جا سکے تاکہ تاجروں اور کارگو کی پروسیسنگ کے لیے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جا سکیں۔
اس کے بعد یہ محسوس کیا گیا کہ ہر سال 30 نومبر کے بعد جب یہ پورٹ بند ہو جاتی تھی تو اس دوران کافی مقدار میں کارگو رُک جاتی تھی، خصوصاً چین کے کاشغر اور اس کے گردونواح میں۔ اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے اپنی استعداد میں مزید اضافہ کیا اور مختلف سہولیات فراہم کیں تاکہ بندش کے عرصے میں بھی کارگو کی نقل و حمل جاری رکھی جا سکے۔
چنانچہ سال 2024-25 اور 2025-26 کے دوران اس پورٹ کو کھلا رکھا گیا۔ گزشتہ سال اس بندش کے عرصے میں تقریباً 597 گاڑیاں آئیں، جبکہ پہلے اس مدت میں ایک بھی گاڑی نہیں آتی تھی۔ رواں سال صرف ایک ماہ میں 320 گاڑیاں آ چکی ہیں اور امید ہے کہ اپریل تک مزید چار سے پانچ سو گاڑیاں اس پلیٹ فارم سے گزریں گی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج موسمی حالات اور توانائی کی فراہمی تھا۔ اس مقصد کے لیے این ایل سی نے نہ صرف سولر سسٹم نصب کیا بلکہ تین بڑے جنریٹر بھی لگائے۔ انٹرنیٹ کی سہولت کو اپ گریڈ کیا گیا تاکہ کسٹمز اور دیگر نظاموں میں کوئی خلل نہ آئے۔ رہائشی دفاتر میں جدید ہیٹنگ سسٹم نصب کیا گیا کیونکہ یہاں درجہ حرارت منفی 25 سے منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔
یہ ہمارا دوسرا سال ہے اور اب ہم پورے اعتماد کے ساتھ کسی بھی رکاوٹ کے بغیر آپریشن جاری رکھنے کے قابل ہیں۔ اب تک تین مرتبہ برفباری ہو چکی ہے لیکن اس کے باوجود لوڈنگ اور ان لوڈنگ کا عمل بلا تعطل جاری رہا۔ ہماری ورک فورس کی صلاحیتوں اور انتظامات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور تمام امور خوش اسلوبی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈرائی پورٹ اس علاقے کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہوئی ہے۔ اس وقت یہاں کام کرنے والے عملے کا تقریباً 95 فیصد حصہ مقامی افراد پر مشتمل ہے۔ این ایل سی نہ صرف انفراسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کر رہی ہے بلکہ تعلیم، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں بھی بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہے۔
سوست کے ہائی اسکول میں این ایل سی نے ایک بلاک تعمیر کر کے دیا جس کی بدولت مختلف تقریبات اور امتحانات کا انعقاد آسان ہو گیا ہے، جبکہ کلاس رومز کو بھی بہتر حالت میں فراہم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ این ایل سی مقامی کھیلوں کے مقابلوں کی سرپرستی بھی کرتی ہے، جن میں میراتھن ریس، Tour de Khunjerab ایونٹ اور شندور پولو جیسے پروگرام شامل ہیں۔
ہائیکنگ اور دیگر سرگرمیوں میں بھی مقامی افراد اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ NLC نہ صرف ان کی معاونت کرتی ہے بلکہ انہیں تعلیم اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب بھی دیتی ہے تاکہ وہ اپنے علاقے اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔