بلیوایریا، پاک سیکرٹریٹ سڑکیں بند، وجہ سامنے آگئی

بلیوایریا، پاک سیکرٹریٹ سڑکیں بند، وجہ سامنے آگئی

دارالحکومت میں صحت مند اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کیپیٹل ڈولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد نے آلائیڈ بینک لمیٹڈ کے تعاون سے سی ڈی اے سائیکلنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا ہے، جس کا مقصد شہریوں کو متحرک طرزِ زندگی اپنانے اور صاف ستھرے ماحول کے قیام کے لیے آمادہ کرنا ہے۔

یہ تقریب’کلین اینڈ گرین اسلام آباد ‘ کے وژن کے تحت منعقد کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کیا جا سکے اور روزمرہ زندگی میں جسمانی سرگرمی کو فروغ دیا جا سکے۔ حکام کے مطابق سائیکلنگ نہ صرف صحت کے لیے مفید ہے بلکہ یہ آلودگی میں کمی کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:تین روزہ ٹوور آف اسلام آباد 2024 سائیکلنگ ایونٹ کا انعقاد

سائیکلنگ چیمپیئن شپ اتوار، 15 فروری کو ایکسپریس چوک میں منعقد ہوئی، جہاں ریس کا آغاز صبح 10 بجے کیا گیا۔ تقریب میں داخلہ مکمل طور پر مفت رکھا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سرگرمی کا حصہ بن سکیں۔ مردوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کیٹگریاں قائم کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے لیے پرکشش انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔

منتظمین کے مطابق اس چیمپیئن شپ کا بنیادی مقصد شہریوں کو جسمانی ورزش کی طرف راغب کرنا اور دارالحکومت میں ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف صحت مند معاشرے کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوتی ہیں بلکہ شہر کو سرسبز اور صاف رکھنے کے اجتماعی شعور کو بھی مضبوط کرتی ہیں۔

ریس کے باعث بلیو ایریا کی اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند رہیں۔ ایف-8 سے پاک سیکریٹریٹ تک سڑک بند رکھی گئیں جبکہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وقتی مشکلات کے باوجود یہ اقدام عوامی مفاد میں ہے۔

اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس نوعیت کی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کریں اور صحت مند، متحرک اور صاف ستھرے دارالحکومت کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی مثبت سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ اسلام آباد کو ایک مثالی اور ماحول دوست شہر بنایا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *