پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ جانچیں کہ ان کے نام پر کتنی سمز رجسٹرڈ ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف موبائل رابطے کا ذریعہ ہیں بلکہ شہری کی شناخت اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کی چابی بھی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے جاری مفاد عامہ کے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہر سم شہری کی شناخت کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور اگر جعلی یا چوری شدہ سم کسی غیر متعلقہ شخص کے ہاتھ لگ جائے تو شہری کا ذاتی ڈیٹا، بینک اکاؤنٹس، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔ اس لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے قومی شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ سمز کی تعداد چیک کریں۔
پی ٹی اے نے آسان طریقہ کار بھی بتایا ہے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر بغیر ڈیش کے 668 پر ایس ایم ایس کریں اور فوری طور پر کسی غیر متعلقہ یا مشکوک سم کی نشاندہی ہونے پر اسے بلاک کرائیں ۔ یہ اقدام شہریوں کی شناخت اور ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
موبائل سم اب محض کال کرنے یا میسج بھیجنے کا ذریعہ نہیں رہی، بلکہ یہ ہر شخص کی ڈیجیٹل شناخت کا حصہ بن چکی ہے۔ اس لیے شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی سمز کی جانچ کریں اور غیر قانونی یا غیر متعلقہ سم کے استعمال کو روکیں، تاکہ کسی بھی قسم کی فراڈ، ہیکنگ یا ڈیجیٹل چوری سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے کا یہ پیغام شہریوں میں شعور اجاگر کرنے اور ڈیجیٹل تحفظ کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے، جو موجودہ دور میں سائبر سیکیورٹی کے خطرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوگا۔