موٹر وہیکل آرڈیننس میں حالیہ ترامیم کے بعد پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سخت کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں محض ڈھائی ماہ کے دوران پنجاب میں ٹریفک پولیس کی جانب سےایک سال کا ہدف مکمل کرتے ہوئے 12 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد کی رقم قومی خزانے میں جمع کر وائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 34 لاکھ 95 ہزار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان کیے گئے، جبکہ جرمانوں کی مد میں شہریوں سے 6 ارب 27 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔
اسی عرصے میں 45 لاکھ 75 ہزار لائسنسوں کی تجدید اور نئے لائسنس کے اجرا سے بھی 6 ارب 27 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا۔
ٹریفک پولیس کی کارروائیوں کے دوران 7 لاکھ 7 ہزار گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند کی گئیں۔ سرکاری گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے تحت 2 ہزار 7 پولیس گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 575 پولیس اہلکاروں کی گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔ دیگر سرکاری محکموں کی 1 ہزار 125 گاڑیوں کے چالان اور 783 گاڑیاں تھانوں میں بند کی گئیں۔
مزید پڑھیں: چالان کا صدمہ جان لیوا بن گیا، موٹرسائیکل سوار ٹریفک اہلکاروں کے سامنے ہی جاں بحق

