پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔

اس دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے درمیان علاقائی سلامتی، سفارتی روابط اور پائیدار امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ ایرانی قیادت کے ساتھ الگ الگ ملاقاتوں میں ایران کی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور کمانڈر خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر میجر جنرل علی عبدالحسینی بھی شامل تھے۔

ملاقاتوں کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، جاری سفارتی کوششوں اور دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ تمام تنازعات کے حل کے لیے بات چیت، کشیدگی میں کمی اور مستقل سفارتی رابطے ناگزیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تہران میں خیرسگالی کی نئی مثال، فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کی خوبصورت تصویری جھلکیاں

آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت اور عوام کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی پر گہری قدردانی کا اظہار کیا اور پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، بالخصوص صدر پاکستان، وزیر اعظم اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ دورہ پاکستان کے اس پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ خطے، خصوصاً مشرق وسطیٰ کے تنازع کے حل کے لیے مذاکراتی راستے کو فروغ دیا جائے اور امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *