پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان موجود تاریخی اور لازوال رشتے کو نقصان پہنچانے کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسلک مبینہ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے ایک نئی پروپیگنڈا مہم شروع کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک متنازع پوسٹ وائرل کی گئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان فوج سے ریٹائرڈ ایک جنرل کو آزاد جموں کشمیر کا نیا صدر مقرر کیا جا رہا ہے۔ ان کا نام جنرل شیر افگن نیازی بتایا گیا ہے۔ اس دعوے کو بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تیزی سے شیئر کیا گیا اور اسے پاکستان اور پاک افواج کے مخالف بیانیے کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی گئی۔
وائرل پوسٹ میں کہا گیا کہ ریٹائرڈ جنرل شیر افگن کو آزاد جموں کشمیر کا صدر بنائے جانے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی طنزیہ انداز میں یہ جملے بھی شامل کیے گئے کہ ’اتنی زحمت کی کیا ضرورت ہے حاضر سروس افسر کو ہی بٹھا دو‘، اور یہ وطن تمہارا ہے ہم ہیں خواہ مخواہ اس میں‘۔ مبصرین کے مطابق اس قسم کی زبان کا مقصد ریاستی اداروں کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا اور عوام کے درمیان بداعتمادی کو فروغ دینا ہے۔
اس معاملے پر غیر جانبدار پلیٹ فارم آزاد فیکٹ چیک نے وائرل دعوے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فیکٹ چیک رپورٹ کے مطابق اس دعوے کی کوئی سرکاری تصدیق موجود نہیں اور نہ ہی آزاد جموں کشمیر کی آئینی یا انتظامی سطح پر ایسی کوئی پیش رفت ہوئی ہے۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ یہ خبر بے بنیاد اور گمراہ کن ہے جس کا مقصد پاکستان اور خصوصاً پاک فوج کو بدنام کرنا ہے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا کو ہائبرڈ وارفیئر کے ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جہاں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے افواہیں پھیلائی جاتی ہیں اور انہیں منظم انداز میں وائرل کیا جاتا ہے۔ اس حکمت عملی کا ہدف عوامی رائے کو متاثر کرنا اور ریاستی اداروں کے خلاف شکوک و شبہات پیدا کرنا ہوتا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں کو بغیر تصدیق آگے شیئر نہ کریں اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل دور میں فیک نیوز اور پروپیگنڈا مہموں سے نمٹنے کے لیے عوامی شعور اور ذمہ دارانہ رویہ انتہائی ضروری ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے درمیان مضبوط رشتہ کسی بھی منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوگا اور ایسی سازشوں کو بروقت بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔