پاک افغان سرحد پر باجوڑ سیکٹر کے قریب دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے سرحد پار کرنے والے دہشت گرد کو زندہ پکڑلیا، پکڑے جانے والے فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نے اپنا نام عبداللہ بتایا ہے جس سے مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت اور دراندازی کے خلاف مکمل الرٹ ہیں اور سرحدی علاقوں میں نگرانی کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے جواب میں پاکستانی فورسز کا آپریشن غضب للحق جاری ہے جس میں اب تک 133 طالبان ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پاک فوج نے افغان طالبان کی 27 پوسٹیں مکمل تباہ کردیں، 9 پر پاک فوج نے قبضہ کر لیا، مؤثرجوابی کارروائی میں 36 سے زائد ٹینک تباہ کر دیئے گئے، افغان طالبان کی آرٹلری گنز اور اے پی سیز تباہ کردی گئیں، افغان طالبان کئی چوکیاں اور ٹھکانے چھوڑ کر بھاگ نکلے۔