کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے پوری دنیا نے دیکھے، ترجمان پاک فوج

کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے پوری دنیا نے دیکھے، ترجمان پاک فوج

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کو آپریشن غضب الحق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ افغانستان کے خلاف آپریشن ابھی جاری ہے اور اس آپریشن کو کب بند کرنا ہے اس کا فیصلہ وزیراعظم پاکستان کریں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 21 اور 22 فروری کی شب فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 274 خوارج ہلاک جبکہ 400 زخمی ہو چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 73 پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کی جا چکی ہیں جبکہ 17 پوسٹوں پر پاک فوج کا قبضہ ہے۔ آپریشن غضب الحق کی تمام پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو چن چن کر مارا گیا اور اہداف کے تعین میں اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ کسی بھی سویلین کو نشانہ نہ بنایا جائے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کے 115 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایسا مؤثر جواب دیا کہ پوری دنیا نے دیکھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان رجیم کی جانب سے 15 سیکٹرز کے 53 مقامات پر فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کابل میں انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا جبکہ قندھار میں لاجسٹکس بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز کو تباہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کابل، قندھار، پکتیا، کھوس اور پکتیکا میں ٹارگٹڈ بیسڈ آپریشن کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سکائی نیوز پاکستان کی نفرت میں زمینی حقائق بھول گیا، افغانستان کے پاس ایئر فورس نہیں، پاکستان پر فضائی حملے کی جھوٹی خبر بریک کر دی

انہوں نے کہا کہ جو دہشت گرد سہولت کاری کرتے ہیں انہیں چن چن کر نشانہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیان مرصوص میں بھارت کا اور اب افغانستان کا شوق پورا کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افواج پاکستان کی جوابی کارروائی سے خوفزدہ دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوئے۔ ان کے مطابق کابل کی فضاؤں میں رات گئے جو فائر ورکس ہوئے وہ پوری دنیا نے دیکھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سبی، ایبٹ آباد اور نوشہرہ میں ڈرونز کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم دہشتگردوں کو جیسا رسپانس ملنا چاہیے تھا بالکل ویسا ہی دیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جیسے معرکہ حق میں پوری قوم بنیان مرصوص بن کر کھڑی تھی، ویسے ہی مناظر گزشتہ روز بھی دیکھنے میں آئے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *