وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جہاں عسکری قیادت کی جانب سے انہیں پاکستان۔افغانستان صورتحال پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور شرپسند کارروائیوں کے لیے زیرو ٹالرنس اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور فتنہ الخوارج کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں ناقابل قبول ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی اسٹاف ، چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان ملک کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے۔
وزیراعظم نے افغان طالبان رجیم کے سرحدی علاقوں میں حملوں کو پسپا کرنے اور بھرپور جوابی کارروائی کرنے پر افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم ارض وطن کی حفاظت کے لیے اپنی افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔