امریکا نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکا نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے اسرائیل کے ساتھ مل کر ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ کارروائی چند گھنٹے قبل شروع کی گئی اور اس کا مقصد ایران کی عسکری صلاحیت کو محدود کرنا ہے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ ایران دور تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل تیار کر رہا ہے جو امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور اگر تہران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی تو اسے سخت نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل نے ایران پر حملہ کردیا، صدارتی محل نشانے پر، فضائی حدود، انٹرنیٹ، موبائل سروس بند

ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج ایران کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کر رہی ہے جس میں فضائی اور بحری اہداف شامل ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کی بحریہ کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ خلیجی آبی راستوں میں ممکنہ خطرات کو ختم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد امریکی عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانا اور ایران سے لاحق خطرے کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔

امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ یہ کارروائی دفاعی نوعیت کی ہے اور اس کا مقصد امریکا کے دفاع کو مضبوط بنانا ہے، ہو سکتا ہے کہ اس کارروائی میں جانی نقصان بھی اٹھانا پڑے، ٹرمپ نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ ایران دوبارہ کبھی بھی جوہری ہتھیار نہ بنا سکے۔ دوسری جانب ایران کی جانب سے تاحال اس بیان پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم خطے میں ہائی الرٹ نافذ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

واضح رہے کہ اگر صورتحال میں فوری کمی نہ آئی تو یہ تنازع وسیع علاقائی جنگ میں تبدیل ہو سکتا ہے جس کے اثرات عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور عالمی سیکیورٹی پر مرتب ہوں گے۔ اقوامِ متحدہ اور یورپی ممالک کی جانب سے ممکنہ طور پر ہنگامی سفارتی رابطوں کا آغاز متوقع ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *