اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ’’میرا گھر میرا آشیانہ‘‘ اسکیم کے تحت قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں ملکی اقتصادی ترقی اور ہاؤسنگ منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ’’میرا گھر میرا آشیانہ‘‘ اسکیم کی سمری منظور کر لی گئی اور کم لاگت گھروں کے لیے قرض کی حد ایک کروڑ روپے تک مقرر کر دی گئی۔
مزید برآں، سستی ہاؤسنگ اسکیم کے تمام صارفین کے لیے یکساں 5 فیصد سود کی شرح کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پہلے سے جاری شدہ قرضوں کو بھی 5 فیصد شرح سود پر منتقل کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق تھر کول ریل لنک کے لیے 6.6 ارب روپے کی تکنیکی گرانٹ کی منظوری دی گئی، جس سے مقامی کوئلے کی پاور پلانٹس تک ترسیل آسان ہوگی۔ اسی طرح بارانی علاقوں میں زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے 7.8 ملین روپے کی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق یہ اقدامات ملکی اقتصادی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم ثابت ہوں گے اور بجلی کی پیداوار اور ہاؤسنگ سیکٹر میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوں گے۔