ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان نے سری لنکا کو شکست دے دی، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ٹی 20 ورلڈکپ: پاکستان  نے سری لنکا کو شکست دے دی، نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 5 رنز سے شکست دے دی، تاہم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر پانے کے باعث پاکستان ورلڈکپ سے باہر ہو گیا۔

کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 207 رنز ہی بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے شاندار اور دھواں دار اننگز کھیلیں۔ صاحبزادہ فرحان نے 100 جبکہ فخر زمان نے 84 رنز اسکور کیے۔ دونوں کے درمیان 176 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم ہوئی۔ ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔ خواجہ نافع 2، شاداب خان 7 جبکہ محمد نواز اور سلمان آغا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

یہ صاحبزادہ فرحان کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں دوسری سنچری ہے، جس کے ساتھ وہ ایک ہی ورلڈکپ ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔

سری لنکا کے خلاف اس اہم میچ کے لیے بابراعظم، صائم ایوب اور سلمان مرزا کو پلیئنگ الیون سے ڈراپ کیا گیا تھا جبکہ ان کی جگہ نسیم شاہ، خواجہ نافع اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عباس عراقچی، اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، پاکستان کی ایران کے خلاف بلاجواز حملوں کی مذمت

واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے سری لنکا کو 147 یا اس سے کم رنز پر آؤٹ کرنا ضروری تھا، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔ اس صورتحال میں نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔

اس گروپ سے انگلینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے جبکہ سری لنکا ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *