وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کو آذربائیجان کے راستے بحفاظت پاکستان واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس مقصد کے لیے آذربائیجان کی حکومت سے فوری رابطہ کرے اور جامع حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے،یہ ہدایات ملک میں مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئیں۔
اجلاس کے دوران متعلقہ سکیورٹی اداروں کی جانب سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام سکیورٹی ادارے موجودہ حالات کے پیش نظر الرٹ ہیں اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی ادارے ملک کے دفاع اور استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر پاکستانیوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزارت خارجہ کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ آذربائیجان حکومت کے ساتھ رابطہ کر کے پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے محفوظ سفری راستہ اور ضروری حفاظتی انتظامات فوری طور پر یقینی بنائے۔