عوام رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا غم پرامن انداز میں منائیں، علامہ شہنشاہ نقوی کی اپیل

عوام رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کا غم پرامن انداز میں منائیں، علامہ شہنشاہ نقوی کی اپیل

معروف عالم دین علامہ شہنشاہ نقوی نے ایران پر صہیونی حملے کے نتیجے میں شہید رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای کے غم کو پرامن، باوقار اور متحد انداز میں منانے کی اپیل کی ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام شدت پسندی اور اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ایک سعادت ہے اور رہبر معظم کو اس عظیم سعادت پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم اور دنیا بھر کے مظلوم اپنی جدوجہد جاری رکھیں، حق و باطل کی کشمکش تاریخ کا حصہ ہے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ایمان کا تقاضا ہے۔

پاکستان کی مذمت

علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ سرزمین پاکستان پہلے ہی پڑوسیوں اور عالمی صہیونی طاقتوں کی سازشوں کے باعث بدامنی کا سامنا کر رہی ہے، ایسے میں کسی بھی قسم کی داخلی کشیدگی دشمن کے مقاصد کو تقویت دے سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا ایران پر حملہ، 70 سے زائد شہری شہید، ایران کی جوابی کارروائی جاری، خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران پر صہیونوں کے حملے کی بھرپور مذمت کی ہے اور اقوام متحدہ میں بھی ایران کو اپنی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے رہبر سے عقیدت اور محبت کا تقاضا یہی ہے کہ ہم اپنے غم کو کربلا کے غم میں ضم کریں اور صبر و استقامت کا راستہ اختیار کریں۔

مجلس عزا اور جلوس کا اعلان

انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی میں نمائش چورنگی پر مجلس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں علماء کرام خطاب کریں گے اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بعد ازاں نمائش سے ایرانیان تک عزائی جلوس نکالا جائے گا۔

علامہ شہنشاہ نقوی نے تمام ماتمی انجمنوں، عزاخانوں، اسکاؤٹ گروپس اور دیگر افراد سے اپیل کی کہ وہ مکمل نظم و ضبط اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس موقع پر باہمی الفت، اتحاد اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جائے تاکہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ کو اتحاد و اتفاق عطا فرمائے اور پاکستان کو ہر قسم کے فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *