پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی مبینہ بلا اشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت مؤثر اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی ایک اہم مرکز پوسٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی 28 فروری 2026 کو دن کی روشنی میں کی گئی جس کی خصوصی ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوجی جوانوں نے شمالی وزیرستان سے ملحقہ سرحدی باڑ عبور کی اور منظم حکمت عملی کے تحت افغان طالبان کی مرکز پوسٹ کی جانب تیزی سے پیش قدمی کی۔ جیسے ہی افغان طالبان نے پاکستانی فورسز کو آگے بڑھتے دیکھا تو وہ اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہونے لگے۔
کمپاؤنڈز کلیئر، دشمن کے جھنڈے اتار دیے گئے
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کے کمپاؤنڈز کو کلیئر کیا اور وہاں نصب دشمن کے جھنڈے اتار دیے۔ کارروائی کے دوران اہم دفاعی تنصیبات کو اپنے کنٹرول میں لے لیا گیا جبکہ علاقے میں سرچ اور نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے طے شدہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔ سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور ہر قسم کی دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور اور فوری جواب دیا جائے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی جبکہ زمینی صورت حال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔