پاکستان کے نجی نشریاتی ادارے جیو نیوز نے اپنے ناظرین کو آگاہ کیا ہے کہ چینل پاکستان کے سیٹلائٹ پاک سیٹ پر نشر ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں سے اس کی نشریات کو ہیک کرنے اور خلل ڈالنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
چینل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جیو نیوز کی نشریات کو بار بار رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا اور اسکرین کو ہیک کر کے ایک نامناسب پیغام نشر کیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس مواد یا پیغام کا جیو نیوز سے کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ مکمل طور پر ہیکرز کے حملے کا نتیجہ ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہیں اور نشریات کو معمول پر برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جیو نیوز نے اس امر پر زور دیا ہے کہ چینل کی ادارتی پالیسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور جو کچھ نشر ہوا وہ غیر قانونی ہیکنگ کا نتیجہ تھا۔
چینل انتظامیہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں، تحقیقات کریں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔ جیو نیوز نے کہا ہے کہ نشریاتی نظام میں مداخلت نہ صرف میڈیا کی آزادی پر حملہ ہے بلکہ یہ قومی سطح پر اطلاعاتی نظام کے لیے بھی خطرہ ہے